واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے شکست تسلیم نہ کرنے کے باوجود وائٹ ہاؤس چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔
ٹرمپ کا کہنا کہ نومنتخب صدر جوبائیڈن کو باضابطہ طور پر امریکا کا اگلا صدر قرار دیا جاتا ہے تو وہ وائٹ ہاؤس چھوڑ دیں گے، انہوں نے صدارتی الیکشن میں شکست تسلیم کرنے سے ایک مرتبہ پھر انکار کیا، ان کا کہنا تھا کہ شکست تسلیم کرنا مشکل ہے۔
امریکی الیکشن میں جو بائیڈن کے 306 ووٹوں کے مقابلے میں ٹرمپ کو صرف 232 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔
امریکی انتخاب کنندگان ووٹون کے حوالے سے اگلے ماہ حتمی فیصلہ کریں گے جبکہ 20 جنوری کو نومنتخب صدر عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر اور ان کے حامیوں کی طرف سے الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے مقدمات دائر کئے گئے ہیں تاہم اکثر کو امریکی عدالتیں مسترد کر چکی ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے صورتحال کو اپنے خلاف ہوتے دیکھ کر رواں ہفتے کے آغاز میں نومنتخب صدر جو بائیڈن تک اقتدار کی منتقلی کے باضابطہ عمل شروع کرنے کی حامی بھر لی تھی، جنرل سروسز ایڈمنسٹریشن (جی ایس اے) کا کہنا تھا کہ وہ جوبائیڈن کی صدارتی انتخابات میں واضح کامیابی تسلیم کر رہے ہیں۔ جی ایس اے امریکہ کا وہ ادارہ ہے جو اقتدار کی باضابطہ منتقلی کے امور سرانجام دیتا ہے۔