واشنگٹن: (دنیا نیوز) کورونا کی دوسری لہر کے دوران امریکہ میں خطرے کی گھنٹی بج گئی، ترکی میں ایک روز کے دوران مزید 185افراد جاں بحق ہو گئے۔ برطانوی وزیرخارجہ نے بے احتیاطی پر عالمی وباء کی تیسری لہر کا خدشہ ظاہر کردیا۔
امریکا میں تھینکس گونگ ہالیڈے کے بعد لاکھوں امریکیوں کی گھروں کوواپسی کے بعد کوویڈ کیسز میں اضافے کا زبردست خطرہ ہے، امریکی سیاستدان نے خبردار کردیا۔ میئرنیویارک نے دو ہفتوں سے بند اسکول 7 دسمبر سے کھولنے کا اعلان کیا ہے، برطانیہ نے کوویڈ 19 موڈرنا ویکسین کی مزید20 لاکھ ڈوز حاصل کر لی جبکہ تعلیمی سال کے ابتدائی ہفتوں میں کوویڈ ایس اوپیزکی خلاف ورزی پر طلبہ کو1لاکھ 70 ہزارپاؤنڈ جرمانہ کیا جا چکا ہے۔
ترکی میں کوویڈ19 سے ہلاکتوں میں مسلسل چوتھے روز بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک روز میں مزید 185افراد لقمہ اجل بن گئے۔ بھارت کے ویکسین سازادارے نے 2 ہفتے کے اندر ویکسین کے ہنگامی استعمال کے اجازت نامے کے لئے درخواست دینے کا اعلان کیا ہے۔ جمہوریہ چیک اور آسٹریلئین ریاست وکٹوریہ نے پابندیوں میں نرمی کا فیصلہ کیا ہے۔