امریکا میں کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی

Published On 12 December,2020 11:07 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دے دی گئی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے کورونا ویکسین فائزر کے ایمرجنسی استعمال کی اجازت دے دی ہے، پہلی ڈوز آج ہی دی جائے گی، امریکا نے ایک سنگ میل عبور کرلیا، صرف 9 ماہ میں ہی موثر اور محفوظ ویکسین کی تیاری بڑی کامیابی ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین دستیاب ہونے کے باوجود لوگوں کو کورونا ایس او پیز کا خیال رکھنا ہوگا۔ ماسک پہننا، سماجی فاصلے کا خیال، کورونا کے ٹیسٹ اور متاثرہ افراد کو قرنطینہ کرنے کا عمل جاری رہنا چاہیے۔

یاد رہے برطانیہ دنیا کا وہ پہلا ملک تھا جس نے فائزر ویکسین کا استعمال شروع کیا۔ برطانیہ نے 4 کروڑ خوراکوں کا آرڈر دیا تھا جو 20 لاکھ افراد کیلئے کافی ہوں گی۔ سب سے پہلے ان لوگوں کو خوراک دی جائے گی جن کو اشد ضرورت ہے۔

 

Advertisement