لاہور: (دنیا نیوز) پاکستانی فلم اور ڈراموں کے سینئر اداکار بہروز سبزواری ہسپتال سے ڈسچارج ہو گئے جس کی اطلاع اُن کے صاحبزادے شہروز سبزواری نے سوشل میڈیا کے ذریعے دی ہے۔
شہروز سبزواری نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے والد کے چاہنے والوں کے لیے خصوصی سٹوری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پر اللّہ تعالیٰ کے شُکر گزار ہیں کہ جس نے اپنے نبیﷺ کے صدقے ہم سب کی دُعاؤں کو قبول کرتے ہوئے میرے والد کو صحت و تندرستی عطا کی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکار بہروز سبزواری کورونا وائرس کا شکار، ہسپتال کے آئی سی یو میں زیر علاج
اداکار نے کہا کہ الحمد للّہ میرے والد صاحب ہسپتال سے ڈسچارج ہوکر گھر آگئے ہیں اور اب وہ پہلے سے کافی تندرست اور خوش ہیں۔
اُنہوں نے اپنی انسٹا سٹوری میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے بہروز سبزواری کے لیے دُعائیہ پیغامات جاری کیے تھے تاہم شہروز سبزواری نے اپنی انسٹا سٹوری میں اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ اُن کے والد کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں یا نہیں۔