واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کیپٹل ہل فسادات کے پس منظر میں صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ڈیموکریٹس ارکان نے کوششیں تیز کر دیں۔
ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے قانون سازوں سے امریکی صدر کو ہٹانے کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا اگر نائب صدر مائیک پنس ٹرمپ کو نہیں ہٹاتے تو ایوان صدر ٹرمپ کے مواخذے کے لیے حرکت میں آئے گا۔
ان اقدامات سے مائیک پنس کو قائم مقام صدر بننے اور ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاوس سے نکالنے کا موقعہ ملے گا۔ کانگریس ارکان مواخذے کی دستاویزات پہلے ہی تیار کر چکے ہیں۔ امریکہ میں ان دنوں ٹرمپ کی جانب سے مبینہ طور پر 7 جنوری کو اپنے حمایتیوں کو بھڑکانے اور کپپٹل ہل پر حملہ کروانے کے خلاف خاصی مخالفت پائی جاتی ہے، حتی کہ ٹرمپ کی پارٹی کے اپنے اراکین نے ٹرمپ کے اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ نو منتخب امریکی صدر جوبائیڈن نے کیپٹل ہل پر حملے کودہشت گردی قرار دیا تھا۔ دوسری جانب امریکہ کے بڑے کاروباری گروپوں نے بھی ٹرمپ کو فوری نکالنے کا مطالبہ کیا ہے۔