واشنگٹن: (دنیا نیوز) نو منتخب امریکی صدر جو بائیڈن بیس جنوری کو عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں، صدر ٹرمپ نے تقریب میں شرکت کرنے سے انکار کیا ہے، دیگر اہم شخصیات شرکت کر رہی ہیں۔
جو بائیڈن 20 جنوری کو 46 ویں امریکی صدر کا حلٖف اٹھا رہے ہیں، صدر ٹرمپ نے آٹھ جنوری کو ہی تقریب میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔ حلف برداری کی تقریب دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں منعقد ہوتی ہے جس میں منتخب صدر ان الفاظ کے ساتھ حلف اٹھاتا ہے، "میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میں ایمانداری سے اپنے امریکی صدر کے عہدے کی ذمہ داریاں نبھاؤں گا"۔
ان الفاظ کو ادا کرتے ہی جو بائیڈن 46 ویں امریکی صدر بن جائیں گے اور حلف برداری کی تقریب کا سب سے اہم جزو مکمل ہو جائے گا۔ جو بائیڈن کے حلف اٹھانے کے بعد کملا ہیرس نائب صدر بن جائیں گی لیکن وہ اپنا حلف جو بائیڈن سے پہلے لیں گی۔
ماضی کی روایات کے مطابق سابق امریکی صدور بھی تقریب میں شرکت کریں گے، سینیٹرز اور ایوان نمائندگان کے اراکین کو اپنے ساتھ ایک مہمان لانے کی اجازت ہو گی۔
تاریخی تقریب کا آغاز 20 جنوری کو امریکی وقت کے مطابق دن ساڑھے گیارہ بجے ہو گا۔ حلف برداری کے بعد جو بائیڈن وائٹ ہاؤس منتقل ہو جائیں گے۔
تقریب میں معروف سنگر لیڈی گاگا، اپنے منفرد انداز میں شائقین کا دل بہلائیں گی۔ جینیفرلوپیز اپنی پرفارمنس سے تقریب کی رونق بڑھائیں گی۔ سنگر اور اداکارہ ڈیمی لوواٹو بھی فن کا مظاہرہ کریں گی۔ جسٹن ٹمبر لیک اور راک اسٹارجون بون جووی نے بھی اپنے فن کے جوہر دکھانے کی تیاریاں کر لی ہیں۔
پرتشدد مظاہروں کے خدشات کے پیش نظر تقریب کے لیے بڑے پیمانے پر سخت سکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔