بالاکوٹ کا ڈرامہ مودی سرکار کو انتخابات میں برتری دلوانے کے لئے رچایا گیا: محبوبہ مفتی

Published On 21 January,2021 06:27 pm

سرینگر: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے بھی بالاکوٹ دراندازی کو مودی سرکار کی الیکشن مہم کا حصہ قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بی جے پی سرکار اپنے فائدے اور ریٹنگ کے تماشے کے لئے جھوٹے بیانئے گڑھ رہی ہے، بالاکوٹ کا ڈرامہ مودی سرکار کو انتخابات میں برتری دلوانے کے لئے رچایا گیا۔

سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر کا کہنا تھا کہ بالاکوٹ کا ڈرامہ پلوامہ کے انتقام کے لئے نہیں رچایا گیا تھا، اگر ایسا ہوتا تو گلوان میں 20 چینی فوجیوں کے قتل پر بھارت چین پر حملہ کرتا۔

محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ 2019 میں مودی سرکار نے پاکستان کے حملے کا بہانہ بنا کر لاکھوں فوجی بھارت میں تعینات کئے، جموں کشمیر میں فوجیوں کی تعیناتی کی اصل وجہ مودی سرکار نے اپنے پالتو صحافی کو بتائی، جعلی خبروں کے ذریعہ اندرونی اور بیرونی دشمن بناکر انسے نفرت کروائی جاتی ہے۔
 

Advertisement