شمالی فلسطین میں صحابی رسول ﷺ کے دور کی مسجد دریافت

Published On 24 January,2021 09:03 pm

غزہ: (ویب ڈیسک) ماہرین آثار قدیمہ کو شمالی فلسطین میں صحابی رسول ﷺ شرحبیل ابن حسنہ کے دور میں قائم کی گئی ایک مسجد کے آثار ملے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے انڈیپینڈٹ اردو میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق اس مسجد کو شمالی فلسطین کے علاقے بحیرہ طبریا کے ساحل پر دریافت کیا گیا ہے۔


ماہرین آثار قدیمہ کا کہنا ہے کہ اس مسجد کے آثار سلطنت روم میں تعمیر کی گئی ایک عمارت کے نیچے موجود ہیں۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اس مسجد کو حضرت محمد ﷺ کے جلیل القدر صحابی شرحبیل ابن حسنہ کے دور یعنی 635 عیسوی میں تعمیر کروایا گیا تھا۔

خیال رہے کہ صحابی رسول ﷺ شرحبیل بن حسنہ نے ساتویں صدی میں شام کو فتح کیا تھا۔ اس مسجد کے آثار شہر طبریا کے مضافات میں دریافت ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ماہرین آثار قدیمہ کی جانب سے ابتدائی تحقیق میں یہ قرار دیا گیا تھا کہ مسجد آٹھویں صدی میں تعمیر کی گئی تھی لیکن مزید کھدائی کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ یہ مسجد تقریباً ایک صدی پرانی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس ایسے تاریخی ذرائع ضرور موجود ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ 635 میں طبریا کو فتح کیا گیا تو انہوں نے مسجد قائم کی۔