بھارتی کسانوں کے پُرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کیا جائے، امریکہ کی مودی سرکار کو تنبیہ

Published On 04 February,2021 11:52 am

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا نے بھی کسانوں کے معاملے پر بھارت کو تنبیہ کر دی، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی کسانوں کے پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کیا جائے۔

بھارتی میڈٖیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج جمہوریت کا خاصہ ہے، مظاہرین کے دھرنوں میں انٹرنیٹ پر پابندی ہٹائی جائے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت اور کسان بات چیت کے ذریعے معاملے کو حل کریں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ سابق صدر ٹرمپ کے دور میں مودی سرکار کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق کھلی چھوٹ دیدی گئی تھی، بھارت کے کسی بھی غیر انسانی اقدام کے خلاف عالمی سطح پر بیان تک جاری نہیں کیا جاتا تھا۔ آرٹیکل 370 کی منسوخی اور مقبوضہ کشمیر کی ناکہ بندی جہاں 90 لاکھ انسانوں کو اجتماعی جیل میں قید کر دیا گیا، کے اقدام کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ نے مذمت تک نہیں کی جس کے سبب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم میں اضافہ کر دیا۔ اب جوبائیڈن انتظامیہ کی جانب سے بھارتی سرکار کو تنبیہ ممکنہ طور پر کشمیریوں پر دباو میں بھی کمی کا سبب بنے گی۔