جنوبی کوریا کا صدر امریکا کا پالتو طوطاہے: رہنما شمالی کوریا

Published On 31 March,2021 11:55 am

سیئول :(روزنامہ دنیا) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی بااثر بہن اور مشیرکم یو جنگ نے جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان کو امریکا کا پالتو طوطا قرار دے دیا۔

 میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ بیلسٹک میزائل تجربے پرجنوبی کورین صدر مون جے ان کی تنقید پر کم یو جونگ نے اپنے بیان میں کہا کہ صدر مون جے ان آخر امریکی پالتو طوطے ہیں، انہوں نے شمالی کوریا کیلئے جو زبان استعمال کی، وہ امریکی سوچ کے عین مطابق تھی۔واضح رہے شمالی کوریا کی جانب سے گزشتہ ہفتے 2 بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے، شمالی کوریا کی جانب سے میزائل تجربات کو قومی سلامتی کیلئے ضروری اقدام قرار دیا گیاتھا۔

چند روز قبل شمالی کورین لیڈر کے نائب ری پیونگ چول نے بھی امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے بیلسٹک میزائل تجربات کے خلاف بیان کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، انہوں نے کہاکہ صدر جوبائیڈن شمالی کوریا کے حق دفاع کیخلاف اشتعال انگیزی پھیلانے سے باز رہیں۔ ری پیونگ چول کا کہنا تھا کہ امریکہ خود تو دور مار میزائل تجربات آزادانہ طور پر کرتا ہےجبکہ دوسرے ممالک کو اپنے دفاع کیلئے ضروری اقدامت سے روکنے کی کوشش کرتا ہے۔
 

Advertisement