امریکا خطے میں کشیدگی بڑھا رہا ہے: شمالی کوریا

Published On 12 February,2025 02:23 am

پیانگ یانگ: (ویب ڈیسک) شمالی کوریا نے کہا ہے کہ امریکا خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہا ہے۔

شمالی کوریا کی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کی مسلح افواج جزیرہ نما کوریا میں امریکی سرگرمیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور ملکی سلامتی اور مفادات اور علاقائی امن کے تحفظ کے لئے کوئی بھی حربہ استعمال کرنے کو تیار ہیں۔

عالمی میڈیا کے مطابق امریکا کی لاس اینجلس کلاس کی جوہری آبدوز یو ایس ایس الیگزینڈریا گزشتہ روز جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں بحری اڈے پر پہنچی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ رواں سال جزیرہ نما کوریا میں امریکی جوہری آبدوز کی پہلی آمد ہے، انہوں نے کہا کہ یہ اقدام شمالی کوریا کے سلامتی کے ماحول کے لئے ایک ناقابل تردید خطرہ ہے، امریکا خطے میں فوجی کشیدگی کو مزید بڑھا رہا ہے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم امریکا کے اس خطرناک مخاصمانہ فوجی اقدام پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں جو جزیرہ نما کوریا کے آس پاس کے علاقے میں کشیدگی کو حقیقی تصادم کی طرف لے جا سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا شمالی کوریا کی سلامتی کے حوالے سے تشویش کو کھلے عام نظر انداز کر رہا ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ امریکا ایسی اشتعال انگیز کارروائیاں بند کرے۔