تائی پے: (دنیا نیوز) تائیوان میں ٹرین حادثے میں 36 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
تائیوان میں ٹرین ٹنل میں پٹڑی سے اتر گئی، حادثہ مشرقی تائیوان میں پیش آیا۔ حکام کے مطابق ٹرین کی 4 بوگیاں ٹنل کی دیواروں سے ٹکرا گئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے واقعہ ٹنل میں پیش آنے کے سبب ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے، 4 بوگیوں سے 100 مسافروں کو نکال لیا گیا ہے۔ قریبی ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا دی گئی ہے۔
تائیوان ریلوے کے حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ٹرین میں 350 مسافر سوار تھے، ریل گاڑی دارالحکومت تائی پے سے جنوب مشرقی شہر کی جانب جا رہی تھی۔ حادثہ ایسے وقت میں ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد مقامی تہوار کے سلسلے میں سفر کر رہی تھی۔