سعودی عرب میں رمضان االمبارک کا چاند نظر نہیں آیا، ہلال کمیٹی

Published On 11 April,2021 04:55 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کی ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ پوری مملکت میں کہیں بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی شہادتیں موصول نہیں ہوئی ہیں۔

ہلال کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی جامعہ المجمعۃ کے ماہرین فلکیات کر رہے تھے۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ غبار آلود موسم اور بادلوں کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا۔

خیال رہے کہ سعودی ماہر فلکیات نے پیشگوئی کی تھی کہ آج اتوار کے روز تمام عرب ممالک میں رمضان المبارک کے چاند کی رویت مشکل ہے۔ ممکن ہے کہ آج رمضان کا چاند نظر نہ آ سکے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ میں شائع خبر کے مطابق سعودی عرب کی یونیورسٹی جامعہ المجمعہ سے وابستہ عبداللہ الخضیری نے کہا تھا کہ آج رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی امید کم ہے کیونکہ یہ غروب آفتاب سے تقریباً آدھا گھنٹہ پہلے ہی غروب ہو چکا ہوگا۔

عبداللہ الخضیری کا کہنا تھا کہ اس لئے پیر کے روز رویت ہلال ہو سکے گی۔ البتہ اگر ایسا نہ ہوا تو شعبان کے 30 دن پورے کیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سائنسی حساب سے مورخہ 12 اپریل 2021ء بروز پیر مکہ مکرمہ میں غروب آفتاب شام 6:38 پر ہو گا اور غروبِ ہلال 7:01 پر ہوگا۔
 

Advertisement