دنیا بھر میں رمضان کی رونقیں جاری، افغانستان، یمن اور فلسطین کے بازاروں میں رش بڑھ گیا

Published On 14 April,2021 01:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں رمضان کی رونقیں جاری ہیں، افغانستان، یمن اور فلسطین کے بازاروں میں رش بڑھ گیا ہے، یورپی ممالک کی مساجد میں روزہ داروں کے لیے پیک افطاری کا انتظام کیا گیا ہے۔

رحمتوں اور برکتوں کے مہینے رمضان کی آمد سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے چہرے کھل اٹھے۔ افغانستان میں رمضان کی وجہ سے بازاروں میں رش بڑھ گیا، کابل کے بازاروں میں لوگ روایتی اشیا خریدتے نظر آئے۔ لوگ مہنگائی اور ملاوٹ کی بھی شکایت کرتے رہے۔ افغانی عوام نے مقدس مہینے میں ملک میں امن کی دعائیں بھی کیں۔

رمضان کی وجہ سے یمن کے بازاروں میں لوگ سحر و افطار کا سامان خریدتے نظر آئے۔ دارالحکومت صنعا میں شہریوں کا کہنا تھا ملک میں جنگ ہے تاہم مقدس مہینے کی وجہ سے وہ پرجوش ہیں اور ملک میں امن کی امید کرتے ہیں۔

فلسطین کے شہروں میں رمضان کی وجہ سے رونقیں بڑھ گئیں، مقبوضہ بیت المقدس کے پرانے شہر رمضان بازار سج گئے۔ کھانے پینے کی روایتی اشیا کی مانگ میں اضافہ ہو گیا۔ لوگ ماہ مقدس کے لیے مخصوص آرائشی اشیا خریدتے رہے۔

جرمنی کی مساجد میں روزہ داروں کو افطاری کے پیکٹ دیئے گئے، فلاحی تنظیم کے کارکنوں نے گھر گھر جا کر لوگوں میں کھانا بھی تقسیم کیا۔
 

Advertisement