کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہیں: چین

Published On 22 April,2021 05:50 pm

بیجنگ: (دنیا نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہونے والے بم دھماکے کے بعد رد عمل دیتے ہوئے چین نے کہا کہ دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان چینی وزارت خارجہ وانگ وین بِن نے کہا کہ کوئٹہ میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، دھماکے میں مرنے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دھماکے کے وقت چینی سفیر اور وفد کے اراکین ہوٹل میں موجود نہیں تھے، ہمیں پاکستانی اداروں سے امید ہے وہ جلد ذمہ داروں تک پہنچ جائیں گے، چین انسداد دہشت گردی کے شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: سرینا چوک کے قریب دھماکا، 4 جاں بحق، 12افراد زخمی

یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے میں 4 شہری جاں بحق ہو گئے اور12 زخمی ہوگئے تھے ۔زخمیوں میں 2اسسٹنٹ کمشنر بھی شامل ہیں، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کوئٹہ اعجاز احمد اور اسسٹنٹ کمشنرجعفر آباد بلال شبیر زخمیوں میں شامل ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے تصدیق کی ہے کہ چینی سفیر نونگ رونگ اسی ہوٹل میں قیام پذیر تھے تاہم دھماکے کے وقت وہ وہاں موجود نہیں تھے، وہ بالکل خیریت سے ہیں۔

شیخ رشید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ دھماکا دشمن کی سازش ہے۔ ملک میں دہشتگردی کی لہر پلاننگ کے تحت آ رہی ہے، یہ انٹرنیشنل ایجنڈا ہے۔

وزیر داخلہ نے خطرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بڑے شہروں میں دہشتگردی کی اطلاعات ہیں۔ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کراچی میں دہشتگردی ہو سکتی ہے۔ اداروں کی جانب سے الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دھماکے کے وقت چینی سفیر ہوٹل میں موجود نہیں تھے، شیخ رشید کی تصدیق

انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کو شکست دے کر ان کو انجام تک پہنچائیں گے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ کوئٹہ دھماکے کی تحقیقات کرائی جائیں گی۔ 

Advertisement