ریاض: (ویب ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے عالمی برادری سے فلسطینی عوام کے تحفظ کے لئے کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران اسرائیلی فوج نے مسجد الاقصی میں گھس کر 300 سے زائد نمازیوں کو زخمی کردیا تھا جس کے بعد سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کئی بچوں سمیت 20 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
مسجد اقصی پر اسرائیلی فوج کے حملے اور غزہ پر فضائی بمباری کے نتیجے میں 20 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت پر اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیخ جرہ میں کئی دہائیوں سے مقیم باشندوں کی جبری بے دخلی کا خطرہ ہے لہذا عالمی برادری فلسطینی عوام کےتحفظ کیلئےفوری کارروائی کرے۔
او آئی سی اجلاس میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف مشترکہ بیان جاری کرنے کی پاکستانی تجویز سمیت ترکی اورسعودی عرب کی جنرل اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کی تجویز بھی منظور کی گئی ہے۔