برسلز: (دنیا نیوز) فلسطینیوں کی نسل کشی پر مشتمل جنگی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔
بیلجیئم کے شہر برسلز میں خطاب کرتے ہوئے یورپی یونین کے خارجہ پالیسی کے چیف جوزپ بورل نے اسرائیل اور فلسطین کے مابین تشدد میں اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ امن کے لئے اسرائیل اور فلسطین کو مذاکرات کی طرف جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں 220 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 63 معصوم بچے بھی شامل ہیں۔ فضائی حملوں میں 450 عمارتیں کھنڈر بن چکیں جبکہ 52 ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو تمام تر انسانی اقدار بالائے طاق رکھتے ہوئے غزہ پر مزید بمباری کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی حملوں کو جنگی جرائم قرار دیتے ہوئے عالمی عدالت فوجداری سے اسرائیلی بربریت کی تحقیق کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ غزہ میں شیلٹر ہومز میں رہنے والوں کا کہنا ہے گذشتہ بیس سال سے ڈر خوف کے سائے میں زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، ان کے بچوں نے صرف بارود اور بمباری ہی دیکھی ہے۔