انقرہ: (ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ دنیا کو بار بار یہ باور کراتا رہوں گا اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔
نماز جمعہ کے بعد ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے کہا ہے کہ ترکی دنیا کو فلسطین کا نقشہ دکھاتا رہے گا کہ اسرائیل نے اپنے قیام سے اب تک کیسے فلسطینیوں کی زمینیں ہڑپ کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ترکی کے سینئر سفارتکار اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موجودہ صدر وولکان بوزکیر کی سربراہی میں فلسطین کے معاملے پر کامیاب اجلاس ہوا۔
انہوں نے اجلاس میں فلسطین کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کرنے پر ترک وزیر خارجہ میلوت چاوش اولو اور دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی تعریف کی۔
رجب طیب اردوان نے کہا کہ دہشتگرد ریاست اسرائیل نے 1947 میں فلسطین پر قبضہ کیا اور آج فلسطین ایک چھوٹی سی زمین پر آباد ہے۔
واضح رہے کہ فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کا معاہدہ جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب طے پایا۔11 روزہ جنگ میں 232 فلسطینی شہید ہوئے جن میں 65 معصوم بچے۔39 خواتین اور 15 بزرگ شہری شامل ہیں۔