بھارت: بارشوں نے تباہی مچا ڈالی، 3منزلہ عمارت منہدم ، 11 افراد ہلاک

Published On 10 June,2021 06:18 pm

نئی دہلی : (ویب ڈیسک) بھارت میں مون سون کی بارشوں نے تباہی مچا ڈالی، بارشوں کے باعث 3منزلہ رہائشی عمارت منہدم ہونے کے باعث 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث رہائشی عمارت گرنے کا واقعہ ساحلی شہر ممبئی میں پیش آیا، جہاں تین منزلہ عمارت بنیادیں کمزور ہونے کی وجہ سے اچانک برابر والی عمارت کے اُوپر جاگری۔

حادثے کی وجہ سے عمارت میں موجود افراد ملبے تلے دب گئے، جن میں سے 11 ہلاک ہوگئے جب کہ 7 زخمی ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا احتمال ہے جن کو نکالنے کےلیے ریسکیو اداروں کی امدادی کارروائیاں جاری ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات میں سمندری طوفان تاوتے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی، سمندری طوفان کی وجہ سے چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے احمد آباد میں پانچ منزلہ عمارت منہدم ہوگئی تھی تاہم عمارت گرنے کے نتیجے میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تھا۔

بھارتی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سمندری طوفان تاوتے کے نتیجے میں بھارت میں مجموعی طور پر 21 افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ درجنوں اب بھی لاپتہ ہیں۔
 

Advertisement