لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش نے جل تھل ایک کر دیا، نشیبی علاقے پانی پانی ہو گئے، لاہور میں بارش سے 130 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ چکوال میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔
پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا طوفانی اسپیل، نشیبی علاقوں میں ہر سو پانی ہی پانی، باغوں کا شہر لاہور بھی پانی کے نرغے میں آ گیا۔ کئی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، گلی محلے بھی پانی میں ڈوب گئے۔
اہم شاہراہوں پر بھی پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بارش کے باعث لیسکو کا ترسیلی نظام بھی بیٹھ گیا، 130 فیڈرز ٹرپ کر گئے، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہے۔
دوسری طرف پنجاب کے مختلف شہروں میں چھتیں گرنے کے واقعات بھی پیش آئے، چکوال کے علاقے لکھوال میں دو مکانات کی چھتیں گر گئیں جس کے نتیجے میں 20 سالہ کائنات، 17 سالہ مہتاب، 10 سالہ عائزہ اور 14 سالہ دارین جاں بحق ہوگئیں، دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ لیہ میں شدید بارش کے سبب 200 کچے مکان گر گئے، ملبے تلے دب کر ایک شخص جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
چشتیاں میں بھی بارش کے باعث مکان کی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوئے، ریسکیو ٹیموں نے ہسپتال منتقل کیا۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دورا ن وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔