لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں بزدار حکومت کفایت شعاری کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے، گزشتہ دو سال میں ایوانِ وزیرِ اعلیٰ کے اخراجات میں نمایاں کمی کی گئی۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 2017-18 میں ملازمین کی تنخواہوں کے علاوہ سی ایم سیکریٹریٹ کے کل اخراجات 238 ملین تھے، بزدار حکومت 2019-20 میں یہ اخراجات 37 فیصد کمی کے ساتھ 150.52 ملین پر لے آئی، پہلے دو سال میں سی ایم آفس تحائف اور تفریح کی مد میں 56 فیصد کمی کی گئی، 2017-18 میں یہ اخراجات 89.9 ملین تھے، 2019-20 میں 39.99 فیصد ہو گئے، گاڑیوں کی مرمت کی مد میں گزشتہ دو سال میں بزدار حکومت نے 53 فیصد بچت کی۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے سی ایم آفس کے سیکیورٹی اخراجات کی مد میں 85 فیصد کمی کی، حکومت ملکی خزانے کی امین ہے، ہر صورت بچت کی جائے گی، گزشتہ ادوار میں سی ایم آفس کو ذاتی ملازمین کے ذریعے منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا گیا، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے ایوانِ وزیرِ اعلیٰ کا تقدس بحال کیا۔