مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پر تیسرے روز بھی بمباری کی، اسرائیل نے حماس سے دوبارہ لڑائی کی دھمکی دے دی۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ پر فضائی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، حماس کی جانب سے تاحال راکٹ فائرکر کے فضائی حملوں کا جواب نہیں دیا گیا تاہم صورتحال کشیدہ ہے اورکسی بھی وقت بگڑ سکتی ہے۔ اسرائیل نے حماس کے ساتھ دوبارہ لڑائی کی دھمکی دی ہے.
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیل کی گیارہ روزہ بمباری سے 243 افراد شہید ہوگئے تھے، نیتن یاہو حکومت نے عالمی برادری کے دباو پر جنگ بندی پر رضامندی ظاہر کی تھی تاہم اسرائیل میں آنے والی نئی حکومت نے خطے میں کشیدگی کو دوبارہ ہوا دینا شروع کر دی ہے۔ حماس اور اسرائیل میں حالیہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اسرائیلی حکومت نے شیخ جراح کے علاقے میں فلسطینی خاندان کو زبردستی بے گھر کرنے کی کوشش کی جبکہ مسجد اقصی میں آگ لگانے کے واقعے کے علاوہ نمازیوں کو تشدد اور فائرنگ کر کے زخمی کر دیا تھا۔