اسرائیل کا ایک بار پھر غزہ پر فضائی حملہ، کئی میزائل داغ دیئے

Published On 02 July,2021 03:34 pm

مقبوضہ بیت المقدس: (دنیا نیوز) اسرائیلی حکومت باز نہ آئی، ایک بار پھر غزہ پر فضائی حملے کے دوران کئی میزائل داغ دیئے۔

اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے جنوب میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ٹھکانوں پر کئی میزائل داغے۔ حماس کے مطابق حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، مئی میں ہونے والی گیارہ روزہ جنگ کے بعد ہونے والی سیز فائر کے بعد یہ اسرائیل کا غزہ پر تیسرا حملہ ہے۔

واضح رہے نفتالی بینیٹ کی جانب سے اسرائیلی وزارت عظمی سنبھالنے کے بعد سے فلسطینیوں کے خلاف کافی انتہا پسند اقدامات دیکھنے میں آ رہے ہیں، اسرائیلی جنگی طیارے کسی بھی وقت فلسطینی فضائی حدود میں دندناتے ہوئے داخل ہوتے ہیں اور وحشیانہ بمباری کرتے ہیں۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ فلسطینی علاقے طویل عرصے سے ناکہ بندی کا شکار ہیں جہاں خوراک کے علاوہ غذائی اشیا پہنچانا بھی انتہائی مشکل ہے، ایسے میں فلسطینی شہریوں کو زخمی یا شہید کرنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی اور جنگی جرم ہے جس کا اسرائیل طویل عرصے سے مرتکب ہو رہا ہے۔