نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں کسانوں نے ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی، مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
کاشتکاروں نے بھارتی پنجاب کے شہر سمرالا میں ٹریکٹر ریلی نکالی، کسان اتحاد کے لیڈر بلبیر سنگھ نے ریلی کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار متنازع زرعی قوانین کو واپس لے اور ڈیزل و پٹرول کی قیمتیں فوری طور پر کم کریں ورنہ ملک میں خوراک کی قلت پیدا ہو جائے گی۔ ریلی میں شریک افراد نے کسان مزدور اتحاد زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ مودی حکومت کی جانب سے متانزع زرعی اصلاحات کے خلاف کسانوں نے بھارت بھر کو منجمد کئے رکھا، بھارتی وزیراعظم تمام تر اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود کسان تحریک کو نہیں دبا سکے بلکہ پولیس کے ذریعے مظالم کے سبب الٹا رائے عامہ حکومت کے خلاف ہو گئی، یہاں تک کہ تاجروں سمیت دیگر سماجی طبقات نے کسان تحریک کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔