بغداد: (دنیا نیوز) عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا نے امریکی فضائی حملے کے جواب میں امریکی اڈے پر راکٹ داغے ہیں جس سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نواز ملیشیا نے مغربی فرات کے علاقے میں آئل فیلڈ کو نشانہ بنایا، یہ آئل فیلڈ امریکی فوج اڈے کے طورپر استعمال کر رہی ہے، حملے میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی، امریکی فورسز کی جانب سے بھی گولہ باری کی گئی۔
قبل ازیں وائٹ ہاوس کی جانب سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ صدر جوبائیڈن کا عراق اور شام میں ایرانی ملیشیا پرحملے کا فیصلہ درست ہے۔ ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا عراق میں امریکی تنصیبات پر حملوں کی ذمہ دار ہے۔ امریکا ایران کے ساتھ کشیدگی کو بڑھانا نہیں چاہتا تاہم عراق میں اپنے دفاع سے غافل نہیں رہ سکتے۔
یاد رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب عراق اور شام میں ایرانی ملیشیاوں کو نشانہ بنایا گیا ،ان حملوں سے 7 افراد ہلاک ہوئے۔ اس کے جواب میں ایرانی نواز ملیشیا نے شام میں بھی العمر آئل فیلڈ میں واقع امریکی بیس کو راکٹوں سے نشانہ بنایا تھا۔