کابل: (دنیا نیوز) افغانستان میں طالبان کی پیش قدمی جاری ہے، طالبان نے مزید 5 اضلاع پر قبضہ کر لیا۔ ادھر روس نے خطے میں امریکی اڈے قائم کرنے کی مخالفت کی ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے صوبہ قندھار، پکتیا اور بدخشاں کے اضلاع پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔ ان اضلاع میں ہونے والی لڑائی میں درجنوں افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ افغانستان سے جزوی امریکی انخلا کے بعد طاقت کا توازن طالبان کے حق میں جاتا دکھائی دیتا ہے جس کا بھرپور مظاہرہ طالبان کی جانب سے مختلف علاقوں پر قبضہ کی صورت میں نظر آ رہا ہے، امریکہ اس حوالے سے تشویش میں مبتلا ہے اور طیاروں سے بمباری کی کارروائیاں کر چکا ہے۔
ادھر روس کے خصوصی ایلچی برائے افغانستان ضمیر کابلووف نے کہا ہے کہ روس علاقے میں امریکی اڈے قائم کرنے کا مخالف ہے اور واشنگٹن کو اس سے باخبر کر دیا گیا ہے۔