قیدیوں کی رہائی کے بدلے افغان طالبان کی 3 ماہ کی جنگ بندی کی پیشکش

Published On 15 July,2021 05:32 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان نے 7 ہزار قیدیوں کی رہائی کے بدلے ملک میں 3 ماہ کی جنگ بندی کی پیشکش کر دی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق افغان حکومت کے مذاکرات کار کے مطابق طالبان نے 7 ہزار باغی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں تین ماہ کی جنگ بندی کی پیشکش کی ہے۔ یہ ایک بہت بڑا مطالبہ ہے۔

انہوں نے طالبان کی فائر بندی کی مشروط پیشکش کے بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ طالبان نے اقوام متحدہ کی بلیک لسٹ میں شامل لیڈروں کے ناموں کو بھی فہرست سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ ایک روز پہلے ہی طالبان نے ضلع اسپین بولدک کے پہاڑی علاقے پر قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد پاکستان نے اس سرحدی راستے کو بند کر دیا تھا۔ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے سلسلے کو جیسے جیسے تیزی سے پورا کرنے کا عمل شروع ہوا ویسے ہی طالبان عسکریت پسندوں نے بڑے پیمانے پر مختلف علاقوں کو اپنے قبضے میں لینا شروع کر دیا۔

Advertisement