کوالالمپور: (دنیا نیوز) ملائشیا میں کورونا وبا کے خلاف ناکافی اقدامات پر وزیراعظم محی الدین یاسین کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔
دارالحکومت کوالالمپور میں سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، شرکا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم وبا سے نمٹنے میں ناکام رہے ہیں، انہیں اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو جانا چاہیے، لوگوں نے سیا ہ پرچم اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور وہ حکومت کے خلاف نعرے بازی کررہے تھے۔
ملائشین وزیراعظم کو شاہی محل کی جانب سے بھی کورونا پالیسی سے متعلق شدید تنقید کا سامنا ہے، محی الدین نے عالمی وبا کے سبب رواں جنوری میں ملائشین بادشاہ سے ملک کو آرڈیننس کے ذریعے چلانے کی اجازت لی تھی جبکہ اب آرڈیننس یک طرفہ طور پر منسوخ کرنے پر وزیراعظم ایک بار پھر شاہی عتاب کا شکار ہیں۔ دوسری جانب وزیراعظم کو اپوزیشن سمیت سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ملک کو جمہوری روایات کیخلاف چلانے پر استعفے کے لئے دباو کا سامنا ہے، محی الدین نے گذشتہ سال فروری میں مہاتیر محمد کی وزارت عظمی سے علیحدگی کے بعد اقتدار سنبھالا تھا۔