برطانوی وزیراعظم کا دنیا پر طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں جلدی نہ کرنے پر زور

Published On 16 August,2021 12:22 pm

لندن: (دنیا نیوز) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے دنیا پر افغانستان میں بننے والی نئی حکومت کو تسلیم کرنے میں جلدی نہ کرنے پر زور دیا ہے جبکہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ انسانی زندگیاں اہم ہیں، تمام فریق تحمل کا مظاہرہ کریں۔ سعودی عرب نے اپنا سفارتی عملہ واپس بلا لیا۔

افغانستان میں تبدیل ہوتی ہوئی صورتحال پر عالمی رہنماؤں کا ردعمل سامنے آ گیا، برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ نہیں چاہتے کہ افغانستان دہشت گردوں کا پھر گڑھ بن جائے، اُنہوں نے کہا کہ دنیا افغانستان میں بننے والی نئی حکومت کو تسلیم کرنے میں جلد بازی کا مظاہرہ نہ کرے۔ اقوام ِ متحدہ اور نیٹو کے میکا نزم کے ذریعے مل کر افغانستان پر کام کرنا ہو گا۔ مشترکہ لائحہ عمل اپنانا چاہیے تاکہ افغانستان دہشت گردوں کی افزائش گاہ نہ بن جائے۔

سیکرٹری اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا ردعمل بھی سامنے آیا، کہتے ہیں طالبان اور دیگر فریق تحمل کا مظاہرہ کریں، انسانی زندگیوں کی حفاظت ہر چیز سے اہم ہے۔ ادھر سعودی وزارت خارجہ نے افغانستان سے اپنا سفارتی عملہ واپس بلانے کی تصدیق کی ہے۔
 

Advertisement