کابل:(دنیا نیوز)افغانستان کے نائب وزیر اعظم نے کہا ہے کہ تمام سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دی جائیں گی جبکہ پانچ وزارتوں کے اکثر افراد کو ادائیگیاں کی جاچکی ہیں ۔
افغان میڈیا کے مطابق طالبان کی حکومت کے نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے تمام سرکاری ملازموں کوتنخواہیں دی جائیں گی،اب تک 5وزارتوں کے تمام ملازمین یا اکثر ملازمین کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں۔
عبدالسلام حنفی نے کہا کہ وزارت صحت ،تعلیم،ہائر ایجو کیشن اور مرکزی بینک کے ملازمین کو تنخواہیں دی گئی ہیں جبکہ باقی ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے کام جاری ہے۔
دوسری جانب طالبان کی سینئر قیادت نے سفارتی کوششیں تیز کردی ہیں، قائم مقام افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے قطر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان اور ترکمانستان کے سفیر سے ملاقات کی۔
دوحہ کے نمائندہ خصوصی مطلق قحطانی کا کہنا تھا کہ دنیا کو افغانستان میں امن و امان میں بہتری کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے ۔
مزید برآں طالبان حکومت کے وزیر صنعت وتجارت نورالدین عزیزی نے بھی ترک سفیر سے ملاقات کی ،انقرہ کے نمائندے نے افغانستان سے ترکی برآمدات کے حجم میں اضافہ کرنےپر زوردیا۔
بعدازاں ہلال احمر کی جانب سے میدان وردک میں 500خاندانوں میں کھجوریں تقسیم کی گئیں جو قطر نے بطورامداد بھیجی تھیں، ہلمند میں عالمی ادراہ برائےپناہ گزین کی جانب سے 150خاندانوں میں امداد ی اشیاتقسیم کی گئیں۔