لاہور:(ویب ڈیسک)آذربائیجان کے ہاتھوں جنگ میں ذلت آمیز شکست کھانے کے بعد آرمینیائی صدر آرمین سارکیسیان نے کہا ہے کہ فی الحال پاکستان کے ساتھ سفارتی سطح پر تعلقات نہیں ، آذربائیجان کی حمایت کے باوجود اسلام آباد سےتعلقات استوار کرنے کے خواہشمند ہیں۔
عرب میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے آرمینیا کے صدر نے کہا ہے کہ میں ذاتی طور پر تعلقات بنانے کی کوشش میں ہوں اور میں صدارت کے عہدے پر اس لئے نہیں آیا کہ کوئی میرے حریف یا دشمن کی حمایت کرتا ہے تو مجھے اس سے بات نہیں کرنی چاہیے۔
واضح رہے کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان اکتوبر2020 میں جنگ ہوئی تھی، آرمینیا کی جانب سے آذربائیجان کے اس نگورنو کاراباخ پر قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔
اپنے انٹرویو میں آرمین سرگسیان نے کہا کہ ہم اسلام آباد کو نظر انداز نہیں کر سکتے اور پاکستان کیساتھ جنگ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں اور یہ بالکل نہ سمجھ آنی والی بات ہے۔
ان کا کہنا تھا مجھے پاکستان کے ساتھ بات چیت اور بھارت کے ساتھ ہمارے گہرے اور اچھے تعلقات میں کوئی تضاد نظر نہیں آتا،ہمیں بات چیت کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور دیکھنا چاہیے کہ یہ ہمیں کہاں لے جاتی ہے۔