قازقستان: پرتشدد مظاہروں میں 164 افراد ہلاک

Published On 09 January,2022 07:43 pm

الماتی :(دنیا نیوز) قازقستان میں پرتشدد مظاہروں کے نتیجے میں اب تک 164 افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک کی صورتحال قابو میں ہے ، فورسز انسداد دہشت گردی آپریشن کررہی ہیں، ملک کی اہم تنصیبات کی حفاظت روسی فوجی اتحاد کررہا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وسطی ایشیائی ملک قازقستان میں مظاہرے جاری ہیں ، ڈیڑھ سو سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ،مرنے والوں میں دو بچے اور متعدد سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہیں جبکہ سب سےزیادہ 103 ہلاکتیں ملک کے سب سے بڑے شہر الماتی میں ہوئیں ۔

قازق حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابوپایا جاچکا ہے ، انسداد دہشت گردی آپریشن جاری ہے ، روسی فوجی اتحاد ، سی ایس ٹی او ملک کی اہم تنصیبات کی حفاظت کررہا ہے جبکہ ماسکو نے مزید 20 پروازوں کے ذریعہ فوجی الماتی منتقل کئے ہیں جن میں آرمینیا اور بیلاروس کے افسر اور سپاہی بھی شامل ہیں ۔

مظاہروں کے بعد سے سب سے بڑا شہر الماتی فوجی چھاؤنی کا منظر پیش کررہا ہے ، جگہ جگہ ناکے اور فورسز کی گشت جاری ہے ، فیول اور اشیائے خورو نوش کی قلت کے باعث پٹرول پمپس ، اے ٹی ایم اور دکانوں کے باہر لوگوں کی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں جبکہ قازقستان میں گزشتہ ہفتے تیل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شروع ہونے والے مظاہرے پر تشدد رنگ اختیار کر گئے تھے ۔