ویانا:(دنیا نیوز) یورپی حکام نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ایک یا دو ہفتوں میں طے پانے کا امکان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یورپی حکام نے کہا کہ ویانا میں جوہری معاہدے کے حتمی مسودے پر غور و خوض جاری ہے۔
خبر ایجنسی مسودہ کے غیر حتمی نکات منظر عام پر لے آئی، جس کے مطابق 20 صفحات پر مشتمل مسودے میں 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لئے مرحلہ وار اقدامات درج ہیں۔
معاہدے کے تحت امریکا جنوبی کوریا کے بینک میں منجمد ایران کے 7 ارب ڈالر جاری کرے گا، ایران 5 فیصد سے زیادہ یورینیم کی افزودگی ترک کردے گا۔
مسودہ کے تحت ایران مغربی ممالک کے قیدی رہا کرنے کا پابند ہوگا، ابتدائی اقدامات مکمل ہونے کے بعد 2015 کی ڈیل کو دوبارہ بحال کیا جائےگا اور ایران کے پٹرولیم سیکٹر پر لگی پابندیوں میں امریکا دوبارہ استثنیٰ دے گا۔