واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ روسی حملے کا بھرپور جواب دیں گے، یوکرین پر روسی حملے کے نتائج پر آج قوم سے خطاب کروں گا۔
امریکی صدر جوبائیڈن نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین پر روسی حملہ تباہ کن انسانی نقصان کا سبب بنے گا، یوکرین حملے پر دنیا روس کو جوابدہ ٹھہرائے گی، امریکا اور اتحادی متحد اور فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گے۔
نیٹو چیف جینز اسٹولٹن برگ نے روس کے یوکرین پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس نے یوکرین پر بلااشتعال حملہ کیا، روس نے ان گنت جانوں کو خطرے میں ڈال دیا، نیٹو اتحادیوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، روس نے خود مختار ملک کے خلاف جارحیت کا راستہ اختیار کیا، مشکل وقت میں یوکرین کے عوام کے ساتھ ہیں۔
ادھر برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روسی صدر نے بلا اشتعال حملہ کر کے خونریزی اور تباہی کا راستہ چنا۔ برطانیہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ روس یوکرین کے سر پر بندوق تھامے کھڑا ہے، روس جنگ روکنے کی بات نہیں سن رہا، جنگ سے بے پناہ مصائب اور جانی نقصان ہوگا۔