لاہور: (دنیا نیوز) روس کے یوکرین پر حملے کرتے ہی عالمی سٹاک مارکیٹوں میں مندی سمیت تمام اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، خام تیل 8 سال بعد 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا۔
یوکرین پر روسی حملے سے عالمی منڈی میں اشیا اور سٹاک مارکیٹس میں مندی کا رحجان رہا۔ روس کے یوکرین پر حملے کے فوری بعد سے تیل کی قیمت میں غیرمعمولی اضافہ ہونا شروع ہو گیا۔ برینٹ کروڈ 8 سال بعد 100 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرکے 101 ڈالر 30 سینٹ پہنچ گیا۔ امریکی خام تیل 4اعشاریہ 6 فیصد اضافے سے 96 ڈالر 30 سینٹ پر پہنچ گیا۔
سونا 1اعشاریہ 6 فیصد اضافے سے 1941 ڈالر فی اونس ہوگیا، ایشیائی اسٹاک مارکیٹس کھلتے ہی مندی کا شکار ہوگئیں۔ چین، بھارت، کوریا، سنگاپور، ہانگ کانگ اور جاپان کی سٹاک مارکیٹس ساڑھے تین فیصد تک گرگئیں۔ پاکستانی سٹاک بھی اس لہر کا شکار ہوگئی 100 انڈیکس میں 750 پوائنٹس تک کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پاکستانی روپیہ بھی ڈالر کے مقابلے میں 10 پیسے کم ہوکر 176 روپے 26 پیسے پر پہنچ گیا۔ خود روسی کرنسی بھی ساڑھے تین فیصد گر گئی۔ ایک امریکی ڈالر 86 روسی روبیل کے برابر پہنچ گیا. ساتھ ہی یوکرائن کی کرنسی بھی تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی۔