عالمی برادری طالبان کی حکومت کو تسلیم کرے: ملا ہیبت اللہ

Published On 29 April,2022 05:32 pm

کابل: (ویب ڈیسک) افغان طالبان کے سپریم لیڈر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان حکومت کو تسلیم کیا جائے، بیرونی دنیا کے ساتھ سفارتی تعلقات سے افغان عوام کی مشکلات کے حل میں مدد ملے گی۔

ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے عید الفطر سے قبل ایک تحریری پیغام میں کہا کہ آج کے دور میں دنیا سمٹ کر ایک چھوٹا سا گاؤں بن چکی ہے اور طالبان کی حکومت کے عالمی سطح پر تسلیم کیے جانے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام سے افغان عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اخوندزادہ نے خواتین کے حقوق اور لڑکیوں کے لیے ملک بھر کے ہائی سکولوں کو دوبارہ کھولنے جیسے ان موضوعات کے بارے میں کچھ نہ کہا، جن کا بین الاقوامی برادری کی طرف سے مسلسل مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

تاہم افغان طالبان کے امیر نے کہا کہ موجودہ حکومت کو تسلیم کرنے کا عمل اس لیے پہلے مکمل کیا جانا چاہیے کہ پھر ہم سفارتی ضابطوں اور اصولوں کے مطابق اپنے مسائل کے باقاعدہ حل کے لیے نتیجہ خیز کوششیں کر سکیں۔
 

Advertisement