ماسکو: (دنیا نیوز) روس ایک صدی سے زائد عرصے میں پہلی بار نادہندہ ہو گیا، سو ملین ڈالر کے دو بانڈز کی ادائیگی پر تیس دن کی رعایتی مدت بھی ختم ہو گئی، روسی حکام کا کہنا ہے کہ وہ پابندیوں کی وجہ سے بانڈ ہولڈرز کو رقوم بھیجنے سے قاصر ہیں۔
روس 100سال سے زائد عرصے میں پہلی بار ڈیفالٹر ہو گیا، ماسکو نے غیرملکی قرضوں کی آخری تاریخ گزر جانے کے باوجود ادائیگی نہیں کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کیلئے سو ملین ڈالر کے 2 بانڈز پر واجب الادا رقم کی آخری تاریخ 27 مئی تھی جس پر 30 دن کی رعایت دی گئی تاہم ادائیگی پر دی گئی رعایتی مدت بھی اتوار کو ختم ہو گئی۔
روس متعدد بار کہہ چکا ہے کہ اس کے پاس ڈیفالٹر ہونے کا کوئی جواز نہیں تاہم وہ پابندیوں کی وجہ سے بانڈ ہولڈرز کو رقوم بھیجنے سے قاصر ہے۔ ماسکو نے الزام عائد کیا کہ مغربی ممالک روس کومصنوعی ڈیفالٹ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔