ماسکو:(ویب ڈیسک) مغربی روس میں روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس سے چار افراد ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔
روسی خبر رساں ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ جمعرات کو دیر گئے ایک روسی فوجی کارگو طیارہ مغربی شہر ریازان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 4 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 5 زخمیوں کو ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔
روسی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ Il-76 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے کو تربیتی پرواز کے دوران انجن میں خرابی کے بعد "ہارڈ لینڈنگ" کرنے پر مجبور کیا گیا جس میں کوئی سامان نہیں تھا، طیارہ رہائشی عمارتوں سے ملحقہ کھیت میں گرا۔
روس کی خبر رساں ایجنسی نے مقامی حکومت کے حکام کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ 4 افراد ہلاک اور پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں ، زخمی افراد ریازان کے "طبی اداروں" میں زیر علاج ہیں۔
روسی وزارت دفاع کے بیان میں طیارے کو "مشکل لینڈنگ" کے طور پر بیان کیا گیا ہے جبکہ میڈیا رپورٹس میں مقامی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ طیارہ گرتے ہی بجلی کی تاروں سے بھی ٹکرا گیا، جس سے شہر کے کچھ حصے بجلی سے محروم رہے۔
خیال رہے کہ Il-76 ایک سوویت دور کا ٹربو جیٹ طیارہ ہے جو روسی فوج اور سول ایوی ایشن میں کارگو ٹرانسپورٹ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔