جعلی خبریں پھیلانے پر 29 برطانوی صحافیوں کا روس میں داخلہ بند

Published On 16 June,2022 11:22 pm

ماسکو:(ویب ڈیسک) یوکرین کے ساتھ جنگ میں مصروف روس نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 29 برطانوی صحافیوں کا جعلی خبریں پھیلانے پر ملک میں داخلہ بند کردیا ہے۔

عرب نیوز کے مطابق روس کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فہرست میں شامل برطانوی صحافی جان بوجھ کر روس اور یوکرین میں ڈونباس سے متعلق غلط اور یکطرفہ اطلاعات پھیلانے میں ملوث ہیں۔

اس حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ فہرست میں شامل صحافیوں کا تعلق بی بی سی، سنڈے ٹائمز، ڈیلی میل، دی انڈیپنڈینٹ، ڈیلی ٹیلی گراف، سکائی نیوز اور دیگر اداروں سے ہے جبکہ اس فہرست میں ٹائمز، ڈیلی ٹیلی گراف، ڈیلی میل اور انڈیپنڈینٹ کے چیف ایڈیٹرز کے نام بھی موجود ہیں۔

اسی طرح روس نے 20 دیگر افراد پر بھی پابندی لگائی ہے جن کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان کا تعلق ’دفاعی معاملات‘ سے ہے، ان میں سے فوجی اور فضائی معاملات کے ماہرین کے علاوہ برطانیہ کے وزیر برائے دفاع جیریمی کوئن اور ایئرچیف مائیک وگسٹن بھی شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ اقدام مغربی پابندیوں، روس سے متعلق جعلی خبریں پھیلانے اور برطانوی حکومت کے روس کے خلاف ایکشنز کے جواب میں اٹھایا گیا ہے۔

اس سے قبل روس کی جانب سے اس وقت مقامی اور غیرملکی آزاد صحافی اداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا تھا، جب اس نے یوکرین پر حملہ کیا تھا جبکہ سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز تک رسائی پر بھی پابندی عائد کی تھی۔
 

Advertisement