لندن: (دنیا نیوز) برطانیہ میں گرمی کے پچھلے سارے ریکارڈ ٹوٹ گئے، درجہ حرارت نے چالیس ڈگری کی حد کو عبورکر لیا۔ انگلینڈ کی ایسکس کاؤنٹی میں جنگل کی آگ رہائشی علاقوں تک پہنچ گئی،۔
برطانیہ میں تاریخ ساز گرمی کی لہر سے ایک ہی دن گرمی کے کئی ریکارڈ ٹوٹ گئے، جگہ جگہ آگ لگنے کے واقعات کے سبب فائر بریگیڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ لندن میں بھی متعدد مقامات پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئیں، مئیر آف لندن صادق خان نے باہر بار بی کیو نہ کرنے، سگریٹ اور بوتل گھاس پر نہ پھینکنے کی اپیل کردی۔
سرے کاؤنٹی میں 39.1 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا جو 2019 کے 38.7 ڈگری کے بعد سب سے زیادہ گرمی تھی، کچھ دیر بعد ہیتھرو ائیر پورٹ پر 40.2 سینٹی گریڈ گرمی کا نیا ریکارڈ بن گیا۔
شدید گرمی کے باعث انگلینڈ کے متعدد علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات رونما ہوئے، ایسکس کاؤنٹی میں جنگل کی آگ رہائشی علاقوں تک پہنچ گئی اور متعدد گھر آگ کی لپیٹ میں آگئے۔ گریٹر لندن میں بھی متعدد مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ برطانوی دارالحکومت سے 30 کلومیٹر دور ایک ٹاؤن میں کئی رہائشی عمارتیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ لندن کے مئیر صادق خان نے شہریوں سے آگ کی اطلاع فوری طور پر دینے کی اپیل کردی۔
یورپ میں بھی گرمی کی لہر برقرار ہے اور آگ لگنے کے واقعات رکنے کا نام نہیں لے رہے، یونانی دارالحکومت ایتھنز کے مضافات میں جنگل کی آگ پھیلنے سے شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔
سپین میں بھی جنگل کی آگ پر قابو نہ پایا جاسکتا، یوکرین میں روسی بمباری کے باعث گندم کے کھیتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔