مکہ مکرمہ: (دنیا نیوز) خانہ کعبہ کے اطراف سے ڈھائی سال بعد حفاظتی رکاوٹیں ہٹادی گئیں، عمرہ زائرین حجر اسود کو بوسہ دے سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق سربراہ حرمین شریفین انتظامیہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان السدیس نے کہا ہے کہ ایوان شاہی نے خانہ کعبہ کے اطراف رکاوٹیں ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب زائرین مقام ملتزم پر دعائیں کرسکیں گے اور حجر اسود کو بوسہ بھی دے سکیں گے، اس کے علاوہ زائرین حطیم میں نوافل بھی ادا کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے باعث حفاظتی انتظامات کے تحت خانہ کعبہ کے اطراف عارضی بیریئرز لگائے گئے تھے۔