غزہ پر اسرائیلی حملے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس پیر کو طلب

Published On 07 August,2022 07:05 pm

نیویارک:(دنیا نیوز) غزہ پر اسرائیلی حملے کے پیش نظر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلامتی کونسل کی جانب سے غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں کی مذمت بھی کی گئی ہے۔

فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے اسرائیل کی جارحیت پر بحث کے لیے سلامتی کونس کا اجلاس منعقد کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ 

اسرائیل کی فلسطین پر پھر وحشیانہ بمباری، 6 بچوں سمیت 32 افراد شہید، 200 زخمی

اسرائیلی فورسز نے فلسطین پر دوسرے روز بھی بم برسا دئیے، تازہ ترین کارروائی میں چھ بچوں سمیت 32 افراد شہید، دو روز میں دو سو سے زائد فلسطینی زخمی ہو گئے۔

غزہ میں صیہونی فورسز نے مظلوم فلسطینوں پر بربریت کی انتہا کر دی۔ رات گئے کارروائی میں اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے جبالیہ رفیوجی کیمپ
کو نشانہ بنا ڈالا۔

جھڑپیں جمعہ کے روز اس وقت شروع ہوئیں جب صیہونی فورسز نے اسلامک جہاد کے سینئر کمانڈر کوشہید اور درجنوں گھروں کو میزائل مار کر تباہ کیا۔ جابر اسرائیلی فوج نے ظالمانہ کارروائی کو آپریشن "بریکنگ ڈان" کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ کارروائی ایک ہفتے تک جاری رہ سکتی ہے۔

فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامک جہاد نے صہیونی فورسز کیخلاف جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے اب تک 400 سے زائد راکٹ فائرکیے ہیں تاہم زیادہ تر کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔ پاکستان،سعودی عرب اور مصر نے اسرائیل کے مجرمانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہارکیا ہے۔

Advertisement