مظاہرین پر طاقت کا استعمال، یورپی یونین نے ایران پر مزید پابندیاں عائد کر دیں

Published On 13 December,2022 09:09 pm

تہران: (ویب ڈیسک) یورپی یونین نے ایران کے خلاف پابندیوں کی فہرست میں مزید 20 افراد اور اداروں کو شامل کر لیا ہے۔ ایرانی ریڈیو اور ٹی وی کارپوریشن پر بھی پابندی عائد کر دی گئی۔

یورپی یونین کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی پابندیاں ایران میں حالیہ مظاہروں سے ’’پرتشدد‘‘ طریقہ سے نمٹنے کے باعث لگائی گئی ہیں۔ پابندیاں روس کی جانب سے یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کیے گئے ڈرونز کی تیاری اور ترسیل میں افراد اوراداروں کے ملوث ہونے کی روشنی میں بھی لگائی گئی ہیں۔

یورپی یونین نے مزید کہا کہ ان پابندیوں میں اثاثے منجمد کرنا، یورپی یونین میں سفر پر پابندی اور فہرستوں میں شامل افراد سے فنڈز یا اقتصادی وسائل کو روکنا شامل ہے۔ یورپی یونین نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقے میں سیاسی اور فوجی استحکام کو سبوتاژ کرنے والی سرگرمیاں بند کرے۔
 

Advertisement