بغداد: (دنیا نیوز) عراق میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 8 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبررساں ادارے کے مطابق اس حوالے سے سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ بم دھماکا عراق کے شمالی مشرقی شہر کرکوک کے قریب ہوا ، کرکوک سے 20 کلومیٹر دور ایک گاؤں سفارا کے قریب یہ دھماکا اس وقت ہوا جب پولیس اہلکاروں کا قافلہ مذکورہ مقام سے گزر رہا تھا۔
دھماکے کے نتیجے میں 8 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 2 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، دھماکے کی ذمہ داری تاحال کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی ۔
خیال رہے کہ اس خطے میں اکثر دہشت گرد حملے ہوتے رہتے ہیں اورگزشتہ ماہ بھی ایک صحرائی پوسٹ پر ہونے والے حملے میں 4 عراقی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔