اقوام متحدہ کا کولمبیا میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم

Published On 02 January,2023 10:38 am

نیویارک : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ نے کولمبیا میں جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔

خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کولمبیا کی حکومت اور پانچ مسلح گروپوں کے درمیان6  ماہ کی جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے ۔

اقوام متحدہ کے سربراہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے ایک بیان میں کہا کہ جنگ بندی ایک ایسی پیشرفت ہے جو کولمبیا کے عوام کے لیے نئے سال کے آغاز کے ساتھ امن کی نئی امید لے کر آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری جنرل کو اعتماد ہے  کہ ان وعدوں پر عمل کرنے سے تشدد اور تنازعات سے متاثرہ کمیونٹیز کے مصائب میں کمی آئے گی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل نے مکمل اور دیرپا امن کے حصول کے لیے کولمبیا کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ کی حمایت کا اعادہ کیا۔

واضح رہے کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے نئے سال کے موقع پر یکم  جنوری سے 30 جون 2023 تک پانچ باغی گروپوں کے ساتھ دوطرفہ جنگ بندی کے معاہدوں کا اعلان کیا ہے ۔
 

Advertisement