ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی حکومت نے ٹوکیو سے ہجرت کرنے والے ہر خاندان کو فی بچہ 17 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جاپانی حکومت کی جانب سے ہر خاندان کو فی بچہ 10 لاکھ ین (17 لاکھ روپے) دینے کا مقصد ملک کے دیگر حصّوں کو آباد کرنا اور ساڑھے 3 کروڑ نفوس پر مشتمل ٹوکیو کی آبادی میں کمی لانا ہے۔
جاپانی حکومت کا خیال ہے کہ اس اقدام سے عوام کا معیار زندگی اور رویے تبدیل کرنے میں مدد ملے گی، سکیم کا حصہ بننے والے خاندانوں کو گریٹر ٹوکیو سے باہر جانا ہوگا اور اپنے نئے گھروں میں پانچ سال گزارنا ہوں گے۔
وفاقی حکومت کی کامیابی کیلئے جاپان کے 1300 بلدیاتی اداروں نے بھی سکیم میں شمولیت اختیار کی ہے جو سکیم میں استعمال ہونے والی رقم کا 50 فیصد ادا کریں گی جب کہ باقی پچاس فیصد مرکزی حکومت دے گی۔
حکومتی سکیم کا حصّہ بننے والے خاندان کے ملازمت پیشہ افراد کو نئی جگہ ملازمت کرنا ہوگی اور اگر خاندان کا کوئی فرد پرانی ملازمت کو ہی برقرار رکھنا چاہتا ہے تو گھر میں رہ کر ملازمت کو انجام دینا ہوں یا پھر نئے علاقے میں کوئی کاروبار کرنا ہوگا۔