لاہور: ( ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ میں اب تک کا دوسرا بڑا اپ سیٹ ہوگیا، سعودی عرب کے بعد جاپان نے 4 مرتبہ کی فاتح جرمنی کو عبرتناک شکست دے دی۔
قطر میں جاری میگا ایونٹ میں جاپان نے اپنے پہلے میچ میں ہی جرمنی کو شکست دے کر فیفا ورلڈ کپ قطر کا دوسرا شاندار اپ سیٹ کیا، جاپان نے ورلڈ کپ فیورٹس کی فہرست میں شامل مضبوط حریف جرمنی کو 1-2 سے ہرایا۔
میچ میں جرمنی کے الکائے گنڈگان نے 33ویں منٹ میں پینلٹی سٹروک پر گول سکور کرکے ٹیم کو برتری دلوائی جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی، دوسرے ہاف کا کھیل شروع ہوا تو ابتدائی 20 منٹ تک جرمنی کی برتری باقی رہی۔
بعد ازاں جاپان نے صرف 8 منٹ میں 2 گول سکور کرکے برتری حاصل کرلی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی، جاپان کے رٹسو ڈوان 75ویں منٹ میں جبکہ ٹکوما اسانو نے 83 ویں منٹ میں گول سکور کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب نے ورلڈ کپ کی فیورٹ لیونل میسی کی ارجنٹائن کو 1-2 سے شکست دی تھی جسے فٹبال شائقین اور ناقدین کی جانب سے فیفا ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا گیا۔
کروشیا کا مراکش سے میچ بغیر کسی گول کے برابر
قبل ازیں فیفا ورلڈکپ 2022 میں 2018 ورلڈکپ کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا اور مراکش کا میچ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا۔
ورلڈ کپ 2022 کے چوتھے روز کا پہلا میچ الخور کے البیت اسٹیڈیم میں 2018 ورلڈ کپ کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا اور مراکش کے درمیان کھیلا گیا۔
آغاز سے ہی دونوں ٹیموں کےکھلاڑی گیندکو جال میں پہنچنانےکے لیے کوششیں کرتے نظر آئے اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پرحملےکرتے رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔
مراکش کے گول کیپر نے پہلے ہاف کے اختتام پر یقینی گول بچایا، یوں مقابلہ بغیر گول سے برابری پرختم ہوا۔
دوسرے ہاف میں تھوڑی تیزی دیکھنے میں آئی اور کھلاڑیوں نے کئی مواقع ضائع کیے اور میچ کا اختتام بغیر کسی گول کے برابری پر ختم ہوا، 2018 ورلڈکپ کی فائنلسٹ ٹیم کروشیا پہلے میچ میں کوئی گول نہ کرسکی۔