لاہور: ( ویب ڈیسک ) دنیائے فٹبال کے شہرہ آفاق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے تہلکہ خیز انٹرویو کے بعد خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ میں جب چاہتا ہوں تب بات کرتا ہوں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتگال کے سپر سٹار کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے دھماکہ خیز انٹرویو پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں جب چاہوں بات کرتا ہوں، پانچ بار کے فاتح مانچسٹر یونائیٹڈ میں باقاعدگی سے بینچ ڈیوٹی کرتے ہوئے مایوس کن سیزن گزارنے والے بیلن ڈی اور نے اپنے انٹرویو سے دنیا کو چونکا دیا جس میں انہوں نے مانچسٹر یونائیٹڈ بورڈ، مینجر ایرک ٹین ہیگ اور وین رونی جیسے سابق کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔
رونالڈو جنہوں نے قطر میں ایک پریس کانفرنس میں معذرت نہیں کی تھی کے حوالے سے ویب سائٹ نے لکھا کہ ٹائمنگ ہمیشہ ٹائمنگ ہوتی ہے، آپ کی طرف سے یہ دیکھنا آسان ہے کہ ہم کس طرح وقت کا انتخاب کر سکتے ہیں، آپ سچ لکھتے ہیں اور کبھی کبھی آپ جھوٹ لکھتے ہیں، مجھے اس کی فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے کہ دوسرے کیا سوچتے ہیں، میں جب چاہتا ہوں بات کرتا ہوں، ہر کوئی جانتا ہے کہ میں کون ہوں، میں کس چیز پر یقین رکھتا ہوں۔
دوسری جانب رونالڈو سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر 500 ملین فالوورز حاصل کرنے والی پہلی شخصیت بن گئے۔
پرتگال کے سپر سٹار اور مانچسٹر یونائیٹڈ کے سٹرائیکر 500 ملین کلب میں داخل ہوگئے، اس کے ساتھ وہ انسٹاگرام پر 500 ملین فالوورز رکھنے والے پہلے شخص بن گئے۔
ارجنٹائن کے سپر سٹار لیونل میسی سب سے زیادہ فالوورز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں کیونکہ ان کے انسٹاگرام پر 376 ملین ہیں،بھارت کے بلے باز اور سابق کپتان ویرات کوہلی 203 ملین فالوورز کے ساتھ فہرست میں ساتویں نمبر پر ہیں۔
مانچسٹر یونائیٹڈ سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے: رونالڈو کا دعویٰ
قبل ایں پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کو مانچسٹر یونائیٹڈ کی طرف سے دھوکہ دیا گیا اور انہیں کلب سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں فٹبالر نے کہا کہ منیجر ایرک ٹین ہیگ اور دیگر سینئر ایگزیکٹوز انہیں کلب سے باہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ رونالڈو کو گزشتہ ماہ ٹوٹنہم کے خلاف 2-0 کی جیت میں متبادل کے طور پر آنے سے انکار کرنے کے بعد نظم و ضبط کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن حالیہ ہفتوں میں وہ ٹیم میں واپس آئے تھے اور یہاں تک کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں ایسٹن ولا میں 3-1 سے ہارنے پر ریڈ ڈیولز کی کپتانی بھی کی تھی۔
رونالڈو نے پیئرز مورگن کے غیر سینسر ٹی وی شو کے ساتھ ایک انٹرویو میں ٹین ہیگ کے بارے میں کہا کہ میری نظر میں ان کی عزت نہیں ہے کیونکہ وہ میرے لیے احترام کا اظہار نہیں کرتے ہیں، صرف کوچ ہی نہیں بلکہ کلب کے ارد گرد موجود دو یا تین لوگ نے دھوکہ دیا ہے۔
جب ان سے دوبارہ سوال کیا گیا کہ کیا کلب کے سینئر ایگزیکٹوز انہیں ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں تو رونالڈو نے جواب دیا ہاں، مجھے دھوکہ دیا گیا اور مجھے لگا کہ کچھ لوگ مجھے یہاں نہیں چاہتے، بیٹی کی بیماری پر کسی نے مجھ سے ہمدردی کا اظہار نہیں کیا۔