لاہور:(ویب ڈیسک) دنیا میں آئے روز حیرت انگیز اور عجیب و غریب واقعات دیکھنے، پڑھنے اور سننے کو ملتے ہیں، اسی طرح کا ایک واقعہ فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2022 کی لائیو کوریج کرتی خاتون رپورٹر کے ساتھ پیش آیا جن کو دوران رپورٹنگ ہی لوٹ لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن کی ایک صحافی نے دعویٰ کیا ہے کہ قطر میں جاری 2022 فیفا ورلڈ کپ کی کوریج کے دوران اسے لوٹ لیا گیا، ڈومینک میٹزگر لائیو نشریات میں مصروف تھیں جب ان کا ہینڈ بیگ چوری ہو گیا، اس کے بعد وہ پولیس کے پاس گئی اور مدد طلب کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکام کی طرف سے جو جواب ملا اس نے اسے حیران کر دیا۔
خاتون صحافی نے کہا کہ میں پولیس سٹیشن گئی اور اسی وقت ثقافتی اختلافات شروع ہوئے، خاتون پولیس اہلکار نے مجھ سے کہا کہ پاس ہر جگہ ہائی ٹیک کیمرے ہیں اور ہم اسے یعنی چور کو چہرے کی شناخت کے ساتھ تلاش کرنے جا رہے ہیں۔ آپ کیا انصاف چاہتی ہیں؟ جب ہم اسے ڈھونڈیں گے تو کیا کرنا ہے؟
جب میٹزگر نے تھوڑی وضاحت طلب کی تو پولیس اہلکار نے کہا آپ کون سا انصاف چاہتی ہیں؟ آپ اسے کیا سزا دینا چاہتی ہیں؟ کیا آپ چاہتی ہیں کہ اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی جائے؟ کیا آپ چاہتی ہیں کہ اسے ملک بدر کر دیا جائے؟۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ میٹزگر نے اس کے بعد ٹیم سے اس کی گمشدہ اشیاء میں مدد کرنے کی درخواست کی۔
رپورٹ کے مطابق صحافی نے ٹی وی پر اپنا تجربہ شیئر کیا ہے اور کہا کہ جب ہم لائیو براڈکاسٹ کر رہے تھے تو انہوں نے میرا پرس چرا لیا، پولیس نے مجھے رپورٹ درج کرنے کے لیے یہاں بھیجا ہے، دستاویزات اور کارڈز وہ ہیں جو مجھے سب سے زیادہ پریشان کرتے ہیں، مجھے باقی کی پرواہ نہیں ہے، تو ہم دیکھیں گے کہ کیا ہوتا ہے، وہ تجربات جن کے ذریعے آپ زندہ رہنے کی توقع نہیں رکھتے، آپ ان کے ذریعے جیتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افتتاحی میچ میں میزبان ملک قطر کو البیت سٹیڈیم میں ایکواڈور کے ہاتھوں 0-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔