فرانس کی ٹیم کو بڑا دھچکا، لوکاس ہرنینڈز ورلڈ کپ سے باہر

Published On 23 November,2022 05:49 pm

لاہور: ( ویب ڈیسک ) 22ویں فٹ بال ورلڈ کپ کی دفاعی چیمپئن فرانس کے لئے بری خبر یہ ہے کہ اس کے دفاعی کھلاڑی لوکاس ہرنینڈز فٹنس مسائل کے باعث میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

ٹیم انتظامیہ نے کہا ہے کہ 26 سالہ لوکاس ہرنینڈز میگا ایونٹ کے آٹھویں میچ میں آسٹریلیا کے خلاف گروپ ڈی کے ابتدائی میچ میں دائیں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کی وجہ سے وہ ورلڈ کپ کے بقیہ میچوں سے باہر ہو ہوگئے ہیں۔

فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن نے کہا کہ بایرن میونخ کے محافظ منگل کو کھیلے گئے میگا ایونٹ کے گروپ ڈی کے ابتدائی میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس ٹیم کا حصہ تھے جو میچ کے دوران دائیں گھٹنے کی انجری کے باعث عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں، ان سے قبل بیلن ڈی آر کے فاتح کریم بینزیما ہفتے کو بائیں ران کی انجری کے باعث ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ 2018 میں روس میں کھیلے گئے 21 ویں ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے تین اہم کھلاڑی پال پوگبا، این گولو کانٹے اور پریسنل کمپیمبے فرانس ٹیم کے قطر روانہ ہونے سے قبل فٹنس مسائل کی وجہ سے باہر ہو گئے تھے۔

فرانسیسی ٹیم کے کوچ نے اب اپنے آپشنز پر غور کرنا شروع کر دیا ہے کیونکہ ان کی ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعداد اب 24 کھلاڑیوں تک محدود ہو گئی ہے۔

ڈیڈیئر ڈیشام نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اور ٹیم کے تمام کھلاڑی لوکاس ہرنینڈز کی وجہ سے بہت پریشان ہیں کیونکہ وہ ٹیم کے ایک اہم کھلاڑی ہیں، لوکاس ایک فائٹر کھلاڑی ہے اور مجھے کوئی شک نہیں کہ وہ مکمل فٹنس پر واپس آنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

دفاعی چیمپئن فرانس ٹیم کے کپتان ہیوگو لوریس نے کہا ہے کہ سچ میں لوکاس کا انجرڈ ہونا میری ٹیم کے لئے بہت بڑا دھچکا ہے۔
 

Advertisement